نئی دہلی، 15/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملک کی سب سے اہم جانچ ایجنسی سی بی آئی کے سربراہ کے انتخاب کے لیے پیر کو تین رکنی ایک کمیٹی وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں میٹنگ کرے گی۔واضح رہے کہ سی بی آئی ڈائریکٹر کا عہدہ 2/دسمبر کو انل سنہا کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد ایک ماہ سے زائد عرصے سے خالی پڑا ہے۔فی الوقت گجرات کیڈر کے آئی پی ایس افسر راکیش استھانہ جانچ ایجنسی کے عبوری ڈائریکٹر ہیں۔کانگریس لیڈر ملکا ارجن کھڑگے اس سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہیں۔ہندوستان کے چیف جسٹس یا ان کی طرف سے نامزد کوئی شخص بھی اس کمیٹی کاحصہ ہوتا ہے۔سرکاری ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ اگلے سی بی آئی ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے45قابل آئی پی ایس افسران کے نام وزیر اعظم کے دفتر میں بھیجے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرشن چودھری،ارونبہوگنااور ایس سی ماتھر جیسے سینئر آئی پی ایس افسران کے نام ان میں شامل ہیں۔چودھری اور بہوگنا 1979بیچ کے بالترتیب بہار اور تلنگانہ کیڈر کے آئی پی ایس افسر ہیں۔چودھری انڈو تبت بارڈر پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل ہیں اوربہوگنا حیدرآباد میں واقع سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی کے ڈائریکٹر ہیں،جبکہ ماتھر 1981بیچ کے مہاراشٹرکیڈر کے آئی پی ایس افسر ہیں، وہ مہاراشٹر ریاستی پولیس رہائش اور ویلفیئر کارپوریشن لمیٹڈ کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔